پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کا منفرد اعزاز۔ یوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز والے پہلے پاکستانی گلوکار بن گئے

پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کا منفرد اعزاز۔ یوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز والے پہلے پاکستانی گلوکار بن گئے۔
کسی بھی پاکستانی کی یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ویڈیو بھی راحت فتح علی خان ہی کی ہے۔ یوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز پر انہوں نے مختصر ویڈیو میں اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ راحت فتح علی خان کے کچھ گانوں کو ایک کروڑ سے زائد بار بھی دیکھا جا چکا ہے جب کہ ان کے ایک گانے ‘ضروری تھا’ کو اب تک ایک ارب سے زائد بار بھی دیکھا جا چکا ہے۔ راحت فتح علی خان نے اگرچہ ایک دہائی قبل یوٹیوب پر اپنا چینل متعارف کرایا تھا تاہم انہوں نے انتہائی کم عمری سے ہی گلوکاری کی شروعات کی تھیں۔ محض 7 سال کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کرنے والے استاد راحت فتح علی خان کو ان کے استاد نصرت فتح علی خان کی وفات کے بعد سب سے زیادہ شہرت ملی اور انہیں ان کی آواز قرار دیا گیا۔

راحت فتح علی خان نے اپنے استاد نصرت فتح علی خان کے درجنوں مقبول گیتوں کو دوبارہ گا کر نہ صرف موسیقی کے شائقین کو محظوظ کیا بلکہ انہوں نے ان ہی گیتوں کی بدولت ایک نیا مقام بھی حاصل کیا۔ راحت فتح علی خان اب تک 50 سے زائد میوزک ایلبم ریلیز کر چکے ہیں جب کہ وہ بھارتی فلموں میں بھی 100 سے زائد گانے گا چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں