کرونا وائرس کا پھیلاؤ،ان ڈؤر تقریبات پر پابندی عائد

حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر کے سرکاری و نجی اداروں میں عملہ آدھا کرنے، شادی کی ان ڈور تقاریب پر پابندی لگانے اور ماسک نہ پہننے پر 100 روپے جرمانے کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے کل سے ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے، دوسرے مرحلے کا نفاذ 31 جنوری 2021ء تک رہے گا جس کے تحت ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ آؤٹ ڈور شادی تقریبات میں ہزار سے زائد افراد کی شرکت ممنوع ہوگی جبکہ شادی کی تقریبات میں ضابطہ کار ( ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد بنانا لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کورونا کی روک تھام کے ادارے نے سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا اور باقی گھر سے کام کریں گے۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جبکہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے 30 ہلاکتیں اور 1376 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں