کرونا کیسز میں اضافہ،برطانیہ میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ

عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر برطانیہ میں جمعرات سے ایک ماہ کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے دفتر سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور حالیہ چند دنوں میں کورونا کے نئے کیسز میں خطرناک اضافے پر ملک بھر میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جمعرات سے تمام ریسٹورینٹس، بارز اور مارکیٹیں بند رہیں گے صرف اشیائے ضروریہ کی محدود دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی جب کہ صارفین ریستوران سے کھانا ٹیک آوے کر سکیں گے۔ عوام کو اپنے گھروں کے باہر صرف ایک شخص سے ملنے کی اجازت ہو گی اور صرف ایک شخص ورزش کے لیے باہر نکل سکے گا۔
بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے جب کہ فرلو اسکیم بھی ایک ماہ کے لیے آگے بڑھا دی گئی ہے۔
اس ضمن میں برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عائد کی جانے والی پابندیاں ہی مسئلے کا حل ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن نہ ہونےکی صورت میں عالمی وبا کورونا وائرس سے 85 ہزار اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں